ہمارا حصہ

خدا نے انسان کو زمین پر اختیار دیا اور ہمیں اپنے مال کے ذمہ دار مختار ٹھہرایا۔ وفادار مختاری، فرمانبرداری اور خدا پر بھروسا برکت لاتے ہیں، جبکہ نافرمانی اور اپنے آپ پر بھروسا نتائج لاتے ہیں۔

خداوند نے لوگوں کو زمین پر اختیار دیا

خُدا نے اُنہیں برکت دی اَور اُن سے کہا، ”پھُولو پھلو اَور تعداد میں بڑھو اَور زمین کو معموُر و محکُوم کرو۔ سمُندر کی مچھلیوں، ہَوا کے پرندوں اَور ہر جاندار مخلُوق پرجو زمین پر چلتی پھرتی ہے، اِختیار رکھو۔“ (پیدائش 1:28)
خُدا آپ نے اُسے اَپنی دستکاری پر تسلُّط بخشا؛ اَور سَب کچھ اُن کے قدموں کے نیچے کر دیا: (زبُور 8:6)
سَب سے اُونچا آسمان یَاہوِہ کا ہے، لیکن زمین اُنہُوں نے بنی آدمؔ کو دی ہے۔ (زبُور 115:16)
جَیسا کہ کلامِ مُقدّس میں فرمایا گیا ہے: ”اِنسان کیا چیز ہے کہ تُو اُس کا خیال کرے، اَور اِبن آدمؔ کیا ہے کہ تُو اُس کی خبرگیری کرے؟ آپ نے اُسے فرشتوں سے کچھ ہی کمتر بنایا؛ آپ نے اُس کے سَر پر جلال اَور عِزّت کا تاج پہنایا خُدا نے سَب کچھ اُن کے قدموں کے نیچے کر دیا ہے۔“ جَب سَب کچھ اُن کے تابع کر دیا گیا، تو اِس کا مطلب ہے کہ کویٔی چیز نہ رہی، جو خُدا کے تابع نہیں خُدا نے بے شک ہمیں حال میں یہ بات نظر نہیں آتی کہ سَب چیزیں اُن کے تابع ہیں۔ (عِبرانیوں 2:6-8)

خداوند کا لوگوں کو اپنے مال پر اختیار دینے کو واضح کرنے والی تمثیل

”آسمان کی بادشاہی اُس آدمی کی طرح بھی ہے، جو سفر پر روانہ ہونے کو تھا، اَور جاتے وقت اَپنے خادِموں کو بُلاکر اَپنا مال اُن کے حوالے کر دیا۔“ (متّی 25:14)

ہماری حیثیت مختار کی ہے

مختاروں کی مثالیں

اَبراہامؔ نے اَپنے گھر کے خاص خادِم سے جو اُن کی سَب چیزوں کا مختار تھا فرمایا، ”تُم اَپنا ہاتھ میری ران کے نیچے رکھو۔ (پیدائش 24:2)
تو یُوسیفؔ پر اُن کی مہربانی ہُوئی اَور پُطیفؔار نے یُوسیفؔ کو اَپنی خدمت گزاری میں لے لیا۔ پُطیفؔار نے اُنہیں اَپنے گھر کا مختار مُقرّر کیا اَور اَپنا سَب کچھ اُنہیں سونپ دیا۔ جَب سے اُس نے یُوسیفؔ کو اَپنے گھر کا مختار اَور اَپنے مال و متاع کا نِگراں مُقرّر کیا، تَب سے یَاہوِہ نے یُوسیفؔ کی وجہ سے اُس مِصری کے گھر کو برکت بخشی۔ پُطیفؔار کی ہر شَے پر خواہ وہ گھر کی تھی یا کھیت کی خُدا کی برکت مِلی۔ چنانچہ اُس نے اَپنی ہر شَے یُوسیفؔ کے حوالہ کر دی اَور یُوسیفؔ کی مَوجُودگی کے باعث اُسے سِوا اَپنے کھانے پینے کے کسی اَور بات کی فکر نہ تھی۔ یُوسیفؔ بڑے تنومند اَور خُوبصورت تھے۔ (پیدائش 39:4-6)
اَور کچھ ہی عرصہ کے بعد یُوسیفؔ کے آقا کی بیوی کی نظر یُوسیفؔ پر پڑی اَور اُس نے یُوسیفؔ کو، ”مباشرت کرنے پر مجبُور کیا!“ لیکن یُوسیفؔ نے اِنکار کر دیا اَور اَپنی مالکن سے کہا، ”میں اِس گھر کا مختار ہُوں اَور اِس وجہ سے میرے آقا کو گھر کی فکر کرنے کی کوئی ضروُرت نہیں، اُنہُوں نے اَپنے گھر کا سَب کچھ میرے سُپرد کر رکھا ہے۔ اِس گھر میں مُجھ سے بڑا کویٔی نہیں اَور میرے آقا نے آپ کے سِوا کویٔی شَے میرے اِختیار سے باہر نہیں رکھی کیونکہ آپ اُن کی بیوی ہو۔ پھر بھلا میں اَیسی ذلیل حرکت کیوں کروں اَور خُدا کی نظر میں گُنہگار بنُوں؟“ (پیدائش 39:7-9)
اگر مَیں اَپنی مرضی سے مُنادی کرتا ہُوں، تو اجر پانے کی اُمّید بھی رکھتا ہُوں؛ لیکن اگر اَپنی مرضی سے نہیں، تو یُوں سمجھ لو کہ خُدا نے مُجھے انجیل سُنانے کا اِختیار بخشا ہُواہے۔ (1 کُرِنتھِیوں 9:17)

مختاروں کی کچھ ذمہ داریاں ہیں

خداوند کو مال کا مالک تسلیم کریں اور ملکیت اسے سونپ دیں

شاگرد بننے کے لیے مال کی ملکیت خداوند کو سونپنا لازم ہے

اِسی طرح اگر تُم میں سے کویٔی اَپنا سَب کُچھ چھوڑ نہ دے، میرا شاگرد نہیں ہو سَکتا۔ (لُوقا 14:33)

سب کچھ چھوڑ کر خداوند کی پیروی سے برکتیں ملتی ہیں

تَب پطرس نے حُضُور سے کہا، ”دیکھئے ہم تو سَب کُچھ چھوڑکر آپ کے پیچھے چلے آئے ہیں! تو ہمیں کیا ملے گا؟“ یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ نئی تخلیق میں جَب اِبن آدمؔ اَپنے جلالی تخت پر بیٹھے گا تو تُم بھی جو میرے پیچھے چلے آئے ہو بَارہ تختوں پر بیٹھ کر، اِسرائیلؔ کے بَارہ قبیلوں کا اِنصاف کروگے۔ اَور جِس کسی نے میری خاطِر گھروں یا بھائیوں یا بہنوں یا ماں یا باپ یا بیوی یا بچّوں یا کھیتوں کو چھوڑ دیا ہے وہ اِن سے سَو گُنا پایٔےگا اَور اَبدی زندگی کا وارِث ہوگا۔ (متّی 19:27-29)
پطرس اُن سے کہنے لگے، ”دیکھئے ہم تو سَب کُچھ چھوڑکر آپ کے پیچھے ہو لیٔے ہیں!“ یِسوعؔ نے فرمایا، ”میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اَیسا کویٔی نہیں جِس نے میری اَور انجیل کی خاطِر اَپنے گھر یا بھائیوں یا بہنوں یا ماں یا باپ یا بچّوں یا کھیتوں کو چھوڑ دیا ہے۔ وہ اِس دُنیا میں رنج اَور مُصیبت کے باوُجُود گھر، بھایٔی، بہنیں، مائیں، بچّے اَور کھیت سَو گُنا زِیادہ پائیں گے اَور آنے والی دُنیا میں اَبدی زندگی۔ (مرقُس 10:28-30)
پطرس نے یِسوعؔ سے کہا، ”آپ کی پیروی کرنے کے لیٔے ہم تو اَپنا سَب کُچھ چھوڑکر چلے آئے ہیں!“ حُضُور نے اُن سے کہا، ”میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اَیسا کویٔی نہیں جِس نے خُدا کی بادشاہی کی خاطِر اَپنے گھر یا بیوی یا بھائیوں یا بہنوں یا والدین یا بچّوں کو چھوڑ دیا ہے اَور وہ اِس دُنیا میں کیٔی گُنا زِیادہ نہ پایٔے اَور آنے والی دُنیا میں اَبدی زندگی۔“ (لُوقا 18:28-30)

سب کچھ چھوڑ کر خداوند کی پیروی کی مثالیں

آپ نے اُنہیں دیکھتے ہی بُلایا وہ اَپنے باپ، زبدیؔ کو کشتی میں مزدُوروں کے ساتھ چھوڑکر حُضُور کے پیچھے چل دئیے۔ (مرقُس 1:20)
وہ کشتیوں کو کنارے لے آئے اَور سَب کُچھ چھوڑکر آپ کے پیچھے ہو لیٔے۔ (لُوقا 5:11)
اِن واقعات کے بعد یِسوعؔ وہاں سے نکلے اَور ایک محصُول لینے والے کو جِس کا نام لیوی تھا، محصُول کی چوکی پر بیٹھے دیکھا۔ یِسوعؔ نے اُس سے کہا، ”میرے پیروکار ہو جاؤ۔“ وہ اُٹھا اَور سَب کُچھ چھوڑکر، حُضُور کے پیچھے چل دیا۔ (لُوقا 5:27-28)

سب کچھ چھوڑ کر خداوند کی پیروی کو واضح کرنے والی تمثیل

”آسمان کی بادشاہی کسی کھیت میں چھپے ہویٔے اُس خزانہ کی مانِند ہے جسے کسی شخص نے پا کر پھر سے کھیت میں چھُپا دیا پھر خُوشی کے مارے جا کر اَپنا سَب کُچھ بیچ کر اُس کھیت کو خرید لیا۔ ”پھر آسمان کی بادشاہی اُس سوداگر کی مانِند ہے جو عُمدہ موتیوں کی تلاش میں تھا۔ جَب اُسے ایک بیش قیمتی موتی مِلا تو اُس نے جا کر اَپنا سَب کُچھ بیچ دیا اَور اُسے خرید لیا۔ (متّی 13:44-46)

وفادار رہیں

یہ ضروُری ہے کہ خزانچی اِختیار پانے والے وفادار ہوں۔ (1 کُرِنتھِیوں 4:2)

وفاداری کی برکتیں

قابلِ اِعتبار آدمی، بے شُمار برکتیں پایٔےگا، لیکن جو دولتمند ہونے کے لیٔے جلدبازی کرتا ہے، ضروُر بے سزا نہ چُھوٹے گا۔ (امثال 28:20)
پس تُم بھی تیّار رہو کیونکہ جِس گھڑی تُمہیں اُمّید تک نہ ہوگی اِبن آدمؔ اُسی وقت آ جائے گا۔ ”پھر وہ وفادار اَور ہوشیار خادِم کون سا ہے، جسے اُس کے مالک نے اَپنے گھر کے خادِموں پر مُقرّر کیا تاکہ اُنہیں وقت پر کھانا دیا کرے؟ وہ خادِم مُبارک ہے جِس کا مالک آئے تو اُسے اَیسا ہی کرتے پایٔے۔ (متّی 24:44-46)

خداوند سے گہری رفاقت کی برکت

”اُس کے مالک نے اُس سے کہا، ’اَے اَچھّے اَور وفادار خادِم، شاباش! تُونے تھوڑی سِی رقم کو وفاداری سے اِستعمال کیا ہے؛ مَیں تُجھے بہت سِی چیزوں کا مُختار بناؤں گا۔ آؤ اَور اَپنے مالک کی خُوشی میں شامل ہو!‘ (متّی 25:21)

زیادہ ذمہ داری کی برکت

جسے پانچ توڑے ملے تھے وہ پانچ توڑے اَور لے کر حاضِر ہُوا۔ ’اَے مالک،‘ اُس نے کہا، ’تُونے مُجھے پانچ توڑے دئیے تھے۔ دیکھئے! مَیں نے پانچ اَور کما لیٔے۔‘ ”اُس کے مالک نے اُس سے کہا، ’اَے اَچھّے اَور وفادار خادِم، شاباش! تُونے تھوڑی سِی رقم کو وفاداری سے اِستعمال کیا ہے؛ مَیں تُجھے بہت سِی چیزوں کا مُختار بناؤں گا۔ آؤ اَور اَپنے مالک کی خُوشی میں شامل ہو!‘ ”اَور جسے دو توڑے ملے تھے وہ بھی حاضِر ہُوا اَور کہنے لگا، ’اَے مالک! آپ نے مُجھے دو توڑے دئیے تھے؛ دیکھئے! مَیں نے دو اَور کما لیٔے۔‘ ”اُس کے مالک نے اُس سے کہا، ’اَے اَچھّے اَور وفادار خادِم، شاباش! تُونے تھوڑی سِی رقم کو وفاداری سے اِستعمال کیا ہے؛ مَیں تُجھے بہت سِی چیزوں کا مُختار بناؤں گا۔ آؤ اَور اَپنے مالک کی خُوشی میں شامل ہو!‘ (متّی 25:20-23)
خُداوؔند نے جَواب دیا، ”کون ہے وہ وفادار اَور عقلمند مُنتظِم، جِس کا مالک اُسے اَپنے گھر کے خادِم چاکروں پر مُقرّر کرے تاکہ وہ اُنہیں اُن کی خُوراک مُناسب وقت پر بانٹتا رہے؟ وہ خادِم مُبارک ہے جِس کا مالک آئے تو اُسے اَیسا ہی کرتے پایٔے۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ وہ اَپنی ساری مِلکیّت کی دیکھ بھال کا اِختیار اُس کے حوالے کر دے گا۔ (لُوقا 12:42-44)
یِسوعؔ نے فرمایا: ”ایک خاندانی اُمرا دُور کسی دُوسرے مُلک کو روانہ ہُوا تاکہ اُسے بادشاہ مُقرّر کیاجایٔے اَور پھر واپس آئے۔ اِس لیٔے اُس نے اَپنے خادِموں میں سے دس کو بُلایا اَور دسوں کو سونے کا ایک ایک سِکّہ دے کر کہا۔ ’میرے واپس آنے تک اِس رقم سے کاروبار کرنا۔‘ ”لیکن اُس کی رعِیّت اُس سے نفرت کرتی تھی لہٰذا اُنہُوں نے اُس کے پیچھے ایک وفد اِس پیغام کے ساتھ روانہ کیا، ’ہم نہیں چاہتے کہ یہ آدمی ہم پر حُکومت کرے۔‘ ”بادشاہ بننے کے بعد، جَب، وہ واپس آیا۔ تو اُس نے اَپنے خادِموں کو بُلایا جنہیں اُس نے کاروبار کے لیٔے رقم دی تھی تاکہ مَعلُوم کرے کہ ہر ایک نے کِتنا کِتنا کمایاہے۔ ”پہلا خادِم آیا تو اُس نے کہا، ’اَے مالک، مَیں نے ایک سِکّے سے دس سِکّے کمائے۔‘ ” ’شاباش، اَے نیک خادِم!‘ اُس نے جَواب دیا، ’کیونکہ تُونے تھوڑی سِی رقم کو بھی وفاداری سے اِستعمال کیا اِس لیٔے تُجھے، دس شہروں پر اِختیار عطا کیا جاتا ہے۔‘ ”دُوسرے خادِم نے آکر کہا، ’اَے مالک، مَیں نے تیرے سِکّہ سے پانچ اَور سِکّے کمائے۔‘ ”بادشاہ نے اُس سے بھی کہا، ’تُجھے بھی پانچ شہروں پر اِختیار عطا کیا جاتا ہے۔‘ ”تَب تیسرے خادِم نے آکر کہا، ’اَے مالک، یہ رہا تیرا سِکّہ؛ مَیں نے اِسے رُومال میں باندھ کر رکھ دیا تھا۔ کیونکہ تو سخت آدمی ہے اِس لیٔے مُجھے تیرا خوف تھا، تو جہاں پر رُوپیہ نہیں لگایا ہوتاہے وہاں سے بھی اُٹھا لیتا ہے اَور جہاں بویا نہیں وہاں سے بھی کاٹتا ہے۔‘ ”مالک نے اُس سے کہا، ’اَے شریر خادِم! میں تیری ہی باتوں سے تُجھے مُلزم ٹھہراتا ہُوں، جَب تو جانتا تھا، کہ میں سخت آدمی ہُوں، اَور جہاں پر رُوپیہ نہیں لگایا ہوتاہے وہاں سے بھی اُٹھا لیتا ہُوں، اَور جسے بویا نہیں ہوتا اُسے بھی کاٹ لیتا ہُوں؟ تو پھر تُونے میرا سِکّہ کسی ساہوکار کے پاس جمع کیوں نہیں کرایا، تاکہ میں واپس آکر اُس سے سُود سمیت وصول کر لیتا؟‘ ”تَب اُس نے اُن سے جو پاس کھڑے تھے کہا، ’اُس سے یہ سِکّہ لے لو اَور اُسے دے دو جِس کے پاس دس سِکّے ہیں۔‘ ” ’اَے مالک،‘ اُنہُوں نے کہا، ’اُس کے پاس تو پہلے ہی سے دس سِکّے مَوجُود ہَیں!‘ ”یِسوعؔ نے جَواب میں کہا، ’میں تُم سے کہتا ہُوں کہ جِس کے پاس ہوگا، اُسے اَور بھی دیا جائے گا، اَور جِس کے پاس نہیں ہوگا، اُس سے وہ بھی جو اُس کے پاس ہے، لے لیا جائے گا۔ (لُوقا 19:12-26)

بے وفائی پر لعنت

لیکن اگر وہ خادِم بُرا نکلے اَور اَپنے دِل میں کہنے لگے، میرے مالک کے آنے میں ابھی دیر ہے، اَور اَپنے ساتھیوں کو مارنے پیٹنے لگے اَور شرابیوں کے ساتھ کھانا پینا شروع کر دے۔ تو اُس خادِم کا مالک کسی اَیسے دِن واپس آ جائے گا، جِس کی اُسے اُمّید نہ ہوگی، اَور جِس گھڑی کی اُسے خبر نہ ہوگی۔ تو وہ اُسے غضبناک سزا دے گا اُس کا اَنجام ریاکاروں کے جَیسا ہوگا جہاں وہ روتا اَور دانت پیستا رہے گا۔ (متّی 24:48-51)
”آسمان کی بادشاہی اُس آدمی کی طرح بھی ہے، جو سفر پر روانہ ہونے کو تھا، اَور جاتے وقت اَپنے خادِموں کو بُلاکر اَپنا مال اُن کے حوالے کر دیا۔“ اُس نے ہر ایک کو اُس کی قابلیّت کے مُطابق دیا، ایک کو پانچ توڑے دئیے، دُوسرے کو دو اَور تیسرے کو ایک توڑا اَور پھر وہ سفر پر روانہ ہو گیا۔ جِس خادِم کو پانچ توڑے ملے تھے اُس نے فوراً جا کر کاروبار کیا اَور پانچ توڑے اَور کمائے۔ اِسی طرح جِس کو دو توڑے ملے تھے اُس نے بھی دو اَور کما لیٔے۔ لیکن جِس آدمی کو ایک توڑا مِلا تھا اُس نے جا کر زمین کھودی اَور اَپنے مالک کی رقم چھپادی۔ ”کافی عرصہ کے بعد اُن کا مالک واپس آیا اَور خادِموں سے حِساب لینے لگا۔ جسے پانچ توڑے ملے تھے وہ پانچ توڑے اَور لے کر حاضِر ہُوا۔ ’اَے مالک،‘ اُس نے کہا، ’تُونے مُجھے پانچ توڑے دئیے تھے۔ دیکھئے! مَیں نے پانچ اَور کما لیٔے۔‘ ”اُس کے مالک نے اُس سے کہا، ’اَے اَچھّے اَور وفادار خادِم، شاباش! تُونے تھوڑی سِی رقم کو وفاداری سے اِستعمال کیا ہے؛ مَیں تُجھے بہت سِی چیزوں کا مُختار بناؤں گا۔ آؤ اَور اَپنے مالک کی خُوشی میں شامل ہو!‘ ”اَور جسے دو توڑے ملے تھے وہ بھی حاضِر ہُوا اَور کہنے لگا، ’اَے مالک! آپ نے مُجھے دو توڑے دئیے تھے؛ دیکھئے! مَیں نے دو اَور کما لیٔے۔‘ ”اُس کے مالک نے اُس سے کہا، ’اَے اَچھّے اَور وفادار خادِم، شاباش! تُونے تھوڑی سِی رقم کو وفاداری سے اِستعمال کیا ہے؛ مَیں تُجھے بہت سِی چیزوں کا مُختار بناؤں گا۔ آؤ اَور اَپنے مالک کی خُوشی میں شامل ہو!‘ ”تَب جسے ایک توڑا مِلا تھا وہ بھی حاضِر ہُوا اَور کہنے لگا، ’اَے مالک! میں جانتا تھا کہ تُو سخت آدمی ہے، جہاں بویا نہیں وہاں سے بھی کاٹتا ہے اَور جہاں بِکھیرا نہیں وہاں سے جمع کرتا ہے۔ اِس لیٔے مَیں نے ڈر کے مارے آپ کے توڑے کو زمین میں گاڑ دیا تھا۔ دیکھئے، جو آپ کا تھا وہ مَیں آپ کو لَوٹا رہا ہوں۔‘ ”اُس کے مالک نے جَواب دیا، ’اَے شریر اَور سُست خادِم! اگر تُجھے مَعلُوم تھا کہ جہاں بویا نہیں، میں وہاں سے کاٹتا ہُوں اَور جہاں بِکھیرا نہیں وہاں سے جمع کرتا ہُوں؟ تو تُجھے چاہئے تھا کہ میری رقم ساہوکاروں کے حوالہ کرتا تاکہ میں واپس آکر اَپنی رقم سُود سمیت لے لیتا۔ ” ’اَب اَیسا کرو کہ اِس سے وہ توڑا لے لو اَور اُسے دے دو جِس کے پاس دس توڑے ہیں۔ کیونکہ جِس کے پاس ہے اُسے اَور بھی دیا جائے گا اَور اُس کے پاس اِفراط سے ہوگا لیکن جِس کے پاس نہیں ہے، اُس سے وہ بھی جو اُس کے پاس ہے، لے لیا جائے گا۔ اَور اِس نکمّے خادِم کو باہر اَندھیرے میں ڈال دو جہاں وہ روتا اَور دانت پیستا رہے گا۔‘ (متّی 25:14-30)
لیکن اگر وہ خادِم اَپنے دِل میں یہ کہنے لگے، ’میرے مالک کے آنے میں ابھی دیر ہے‘ اَور دُوسرے خادِموں اَور خادِماؤں کو مارنا پیٹنا شروع کر دے اَور خُود کھا پی کرنشے میں متوالا رہنے لگے؟ تو اُس خادِم کا مالک کسی اَیسے دِن واپس آ جائے گا، جِس کی اُسے اُمّید نہ ہوگی، اَور جِس گھڑی کی اُسے خبر نہ ہوگی۔ تو وہ اُسے غضبناک سزا دے گا اَور اُس کا اَنجام بےاِعتقادوں جَیسا ہوگا۔ ”اگر وہ خادِم جو اَپنے مالک کی مرضی جان لینے کے باوُجُود بھی تیّار نہیں رہتا اَور نہ ہی اَپنے مالک کی مرضی کے مُطابق عَمل کرتا ہے تو وہ خادِم بہت مار کھائے گا۔ (لُوقا 12:45-47)
یِسوعؔ نے فرمایا: ”ایک خاندانی اُمرا دُور کسی دُوسرے مُلک کو روانہ ہُوا تاکہ اُسے بادشاہ مُقرّر کیاجایٔے اَور پھر واپس آئے۔ اِس لیٔے اُس نے اَپنے خادِموں میں سے دس کو بُلایا اَور دسوں کو سونے کا ایک ایک سِکّہ دے کر کہا۔ ’میرے واپس آنے تک اِس رقم سے کاروبار کرنا۔‘ ”لیکن اُس کی رعِیّت اُس سے نفرت کرتی تھی لہٰذا اُنہُوں نے اُس کے پیچھے ایک وفد اِس پیغام کے ساتھ روانہ کیا، ’ہم نہیں چاہتے کہ یہ آدمی ہم پر حُکومت کرے۔‘ ”بادشاہ بننے کے بعد، جَب، وہ واپس آیا۔ تو اُس نے اَپنے خادِموں کو بُلایا جنہیں اُس نے کاروبار کے لیٔے رقم دی تھی تاکہ مَعلُوم کرے کہ ہر ایک نے کِتنا کِتنا کمایاہے۔ ”پہلا خادِم آیا تو اُس نے کہا، ’اَے مالک، مَیں نے ایک سِکّے سے دس سِکّے کمائے۔‘ ” ’شاباش، اَے نیک خادِم!‘ اُس نے جَواب دیا، ’کیونکہ تُونے تھوڑی سِی رقم کو بھی وفاداری سے اِستعمال کیا اِس لیٔے تُجھے، دس شہروں پر اِختیار عطا کیا جاتا ہے۔‘ ”دُوسرے خادِم نے آکر کہا، ’اَے مالک، مَیں نے تیرے سِکّہ سے پانچ اَور سِکّے کمائے۔‘ ”بادشاہ نے اُس سے بھی کہا، ’تُجھے بھی پانچ شہروں پر اِختیار عطا کیا جاتا ہے۔‘ ”تَب تیسرے خادِم نے آکر کہا، ’اَے مالک، یہ رہا تیرا سِکّہ؛ مَیں نے اِسے رُومال میں باندھ کر رکھ دیا تھا۔ کیونکہ تو سخت آدمی ہے اِس لیٔے مُجھے تیرا خوف تھا، تو جہاں پر رُوپیہ نہیں لگایا ہوتاہے وہاں سے بھی اُٹھا لیتا ہے اَور جہاں بویا نہیں وہاں سے بھی کاٹتا ہے۔‘ ”مالک نے اُس سے کہا، ’اَے شریر خادِم! میں تیری ہی باتوں سے تُجھے مُلزم ٹھہراتا ہُوں، جَب تو جانتا تھا، کہ میں سخت آدمی ہُوں، اَور جہاں پر رُوپیہ نہیں لگایا ہوتاہے وہاں سے بھی اُٹھا لیتا ہُوں، اَور جسے بویا نہیں ہوتا اُسے بھی کاٹ لیتا ہُوں؟ تو پھر تُونے میرا سِکّہ کسی ساہوکار کے پاس جمع کیوں نہیں کرایا، تاکہ میں واپس آکر اُس سے سُود سمیت وصول کر لیتا؟‘ ”تَب اُس نے اُن سے جو پاس کھڑے تھے کہا، ’اُس سے یہ سِکّہ لے لو اَور اُسے دے دو جِس کے پاس دس سِکّے ہیں۔‘ ” ’اَے مالک،‘ اُنہُوں نے کہا، ’اُس کے پاس تو پہلے ہی سے دس سِکّے مَوجُود ہَیں!‘ ”یِسوعؔ نے جَواب میں کہا، ’میں تُم سے کہتا ہُوں کہ جِس کے پاس ہوگا، اُسے اَور بھی دیا جائے گا، اَور جِس کے پاس نہیں ہوگا، اُس سے وہ بھی جو اُس کے پاس ہے، لے لیا جائے گا۔ (لُوقا 19:12-26)

بے وفا مختار کی مثال

پھر یِسوعؔ نے اَپنے شاگردوں سے کہا: ”کسی اَمیر آدمی کا ایک مُنشی تھا۔ اُس کے لوگوں نے اُس کے مالک سے شکایت کی، کہ وہ تیرا مال غبن کر رہاہے۔ اِس لیٔے مالک نے اُسے اَندر بُلایا اَور کہا، ’یہ کیا بات ہے جو مَیں تمہارے بارے میں سُن رہا ہُوں؟ سارا حِساب کِتاب مُجھے دے، کیونکہ اَب سے تو میرا مُنشی نہیں رہے گا۔‘ ”مُنشی نے دِل میں سوچا، ’اَب مَیں کیا کروں؟ میرا مالک مُجھے کام سے نکال رہاہے۔ مُجھ میں مٹّی کھودنے کی طاقت تو نہیں ہے، اَور شرم کے مارے بھیک بھی نہیں مانگ سَکتا۔ میں جانتا ہُوں کہ مُجھے کیا کرنا ہوگا، کہ برطرف کیٔے جانے کے بعد بھی لوگ مُجھے اَپنے گھروں میں خُوشی سے قبُول کریں۔‘ ”پس اُس نے اَپنے مالک کے ایک ایک قرضدار کو طلب کیا، پہلے سے پُوچھا، ’تُجھ پر میرے مالک کی کتنی رقم باقی ہے؟‘ ” ’تین ہزار لیٹر زَیتُون کے تیل کی قیمت،‘ اُس نے جَواب دیا۔ ”مُنشی نے اُس سے کہا، ’یہ رہے تیرے کاغذات، بیٹھ کر جلدی سے، پندرہ سَو لیٹر بنادے۔‘ ”پھر دُوسرے سے پُوچھا، ’تُجھ پر کِتنا باقی ہے؟‘ ” ’تیس ٹن گیہُوں کے دام،‘ اُس نے جَواب دیا۔ ”اُس نے کہا، ’یہ رہے تیرے کاغذات، اَور اِسے چوبیس ٹن لِکھ دے۔‘ ”مالک نے اُس چالاک مُنشی کی تعریف کی، اِس لیٔے کہ اُس نے بڑی عیّاری سے کام لیا تھا کیونکہ اِس دُنیا کے فرزند دُنیا والوں کے ساتھ سودے بازی میں نُور کے فرزندوں سے زِیادہ عیّار ہیں۔ (لُوقا 16:1-8)

فرمانبردار رہیں/خداوند کے طالب رہیں

فرمانبرداری/خداوند کی تلاش کی برکتیں

اگر تُم اِن آئین پر غور کروگے اَور اِن پر عَمل کرتے رہوگے، تو یَاہوِہ تمہارے خُدا بھی اَپنے اُس مَحَبّت بھرے عہد کو قائِم رکھیں گے جو اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر باندھا تھا۔ وہ تُم سے مَحَبّت رکھیں گے اَور اُس مُلک میں جسے تُمہیں دینے کی اُنہُوں نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی تھی تمہاری اَولاد پر اَور زمین کی پیداوار یعنی تمہارے اناج، نئے انگوری شِیرے اَور زَیتُون کا تیل اَور تمہارے مویشیوں کے بچھڑوں اَور تمہارے گلّوں کے برّوں پر برکت نازل کریں گے۔ (اِستِثنا 7:12-13)
مگر تمہارے درمیان کویٔی کنگال نہ رہے کیونکہ جِس مُلک کو یَاہوِہ تمہارے خُدا مِیراث کے طور پر تمہارے قبضہ میں دے رہے ہیں اُس میں وہ تُمہیں بہت برکت بخشیں گے، بشرطیکہ تُم پُورے طور سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی بات مان کر اُن تمام اَحکام پرجو میں آج تُمہیں دے رہا ہُوں نہایت احتیاط کے ساتھ عَمل کرو۔ کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے وعدہ کے مُطابق تُمہیں برکت بخشیں گے اَور تُم بہت سِی قوموں کو قرض دوگے لیکن تُم کسی سے قرض نہیں لوگے۔ تُم بہت سِی قوموں پر حُکمرانی کروگے لیکن تُم پر کویٔی حُکمرانی کرنے نہ پایٔےگا۔ (اِستِثنا 15:4-6)
اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی پُوری طور سے اِطاعت کروگے اَورجو اَحکام میں آج تُمہیں دے رہا ہُوں اُن پر احتیاط سے عَمل کروگے تو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دُنیا کی سَب قوموں سے زِیادہ سرفراز کریں گے۔ اَور اگر تُم واقعی یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت کروگے تو یہ ساری برکتیں تُم پر نازل ہوں گی اَور تمہارے ساتھ رہیں گی: تُم شہر اَور کھیت میں کام کرتے ہُوئے مُبارک ہوگے۔ تمہاری اَولاد مُبارک ہوگی، تمہاری زمین کی پیداوار اَور تمہارے چَوپایوں کے بچّے یعنی گائے بَیل کے بچھڑے اَور بھیڑ بکریوں کے برّے مُبارک ہوں گے۔ تمہارا ٹوکرا اَور تمہاری کٹھوتی دونوں مُبارک ہوں گے۔ اَور تُم گھر کے اَندر آتے وقت اَور باہر جاتے وقت بھی مُبارک ہوگے۔ یَاہوِہ تمہارے دُشمنوں کو جو تمہارے خِلاف سَر اُٹھائیں گے تمہارے سامنے شِکست دِلائیں گے۔ وہ ایک سمت سے آکر تُم پر حملہ کریں گے لیکن سات سمتوں کی طرف تمہارے سامنے سے بھاگ جایٔیں گے۔ یَاہوِہ تمہارے اناج کے ذخیروں میں اَور ہر اُس چیز پر جِس میں تُم ہاتھ لگاؤگے برکت نازل کریں گے۔ اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اُس مُلک میں جسے وہ تُمہیں عنایت کر رہے ہیں برکت بخشیں گے۔ اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اَحکام کو مانوگے اَور اُن کی راہوں پر چلوگے تو یَاہوِہ اَپنی اُس قَسم کے مُطابق جو اُنہُوں نے تُم سے کھائی تھی تُمہیں اَپنی پاک قوم بنا کر قائِم کریں گے۔ تَب دُنیا کی سَب قومیں دیکھیں گی کہ تُم یَاہوِہ کی قوم ہو اَور وہ تُم سے ڈریں گی۔ جِس مُلک کو تُمہیں دینے کی قَسم یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے کھائی تھی اُس میں یَاہوِہ تمہاری اَولاد کو، تمہارے مویشیوں کے بچّوں کو اَور تمہاری زمین کی فصل کو خُوب بڑھا کر تُمہیں کثرت سے ترقّی بخشیں گے۔ یَاہوِہ آسمان کو جو اُن کا عظیم مخزن ہے تمہارے لیٔے کھول دیں گے تاکہ تمہارے مُلک میں وقت پر مینہ برسے اَور تمہارے ہاتھ کے سَب کاموں کو جِن میں تُم ہاتھ لگاؤ برکت دیں گے؛ اَور تُم بہت سِی قوموں کو قرض دوگے لیکن آپ کسی کے مقروض نہ ہوگے۔ اَور یَاہوِہ تُمہیں دُم نہیں بَلکہ سَر ٹھہرائیں گے؛ بشرطیکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اُن اَحکام کو جنہیں آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں، نہایت احتیاط سے اُن پر غور کرو اَور عَمل کرو، تو تُم ہمیشہ سرفراز رہوگے اَور کبھی نیچے نہ ہوگے۔ اَورجو اَحکام میں آج تُمہیں دے رہا ہُوں اُن میں سے کسی سے تُم داہنے یا بائیں نہ مُڑنا اَور نہ ہی غَیر معبُودوں کی پیروی اَور خدمت کرنا۔ (اِستِثنا 28:1-14)
لہٰذا اِس عہد کی شرائط پر احتیاط کے ساتھ عَمل کرنا تاکہ جو کچھ تُم کرو اُس میں کامیاب ہو سکو۔ (اِستِثنا 29:9)
تَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اَپنے ہاتھوں کے سَب کاموں میں، تمہاری اَولاد، تمہارے مویشیوں کے بچّوں اَور تمہاری زمین کی فصل پر بڑی برکت نازل فرمائیں گے۔ کیونکہ جَیسے وہ تمہارے آباؤاَجداد سے خُوش تھے وَیسے ہی یَاہوِہ پھر تُم سے خُوش ہوں گے اَور تُمہیں سرفراز کریں گے۔ بشرطیکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت کرو اَور اُن کے اَحکام اَور قوانین پرجو اِس کِتاب تورہ میں درج ہیں عَمل کرو اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی طرف رُجُوع کرو۔ (اِستِثنا 30:9-10)
دیکھو، آج مَیں تمہارے سامنے زندگی اَور خُوشحالی، موت اَور تباہی رکھتا ہُوں۔ کیونکہ آج مَیں تُمہیں حُکم دیتا ہُوں کہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو اُن کی راہوں پر فرمانبرداری سے چلو اَور اُن کے اَحکام، قوانین اَور آئین پر عَمل کرو؛ تَب تُم زندہ رہوگے اَور شُمار میں بڑھوگے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا اُس مُلک میں تُمہیں برکت بخشیں گے جِس پر تُم قبضہ کرنے کو جا رہے ہو۔ (اِستِثنا 30:15-16)
یہ کِتاب تورہ تمہارے مُنہ سے کبھی دُور نہ ہونے پایٔے۔ دِن اَور رات اِسی پر دھیان دیتے رہنا تاکہ جو کچھ اِس میں لِکھّا ہے اُس پر تُم احتیاط کے ساتھ عَمل کر سکو۔ تَب تمہارا اِقبال بُلند ہوگا اَور تُم کامیاب ہوگے۔ (یہوشُعؔ 1:8)
اَور جِس بات کا یَاہوِہ تمہارے خُدا نے حُکم دیا ہے اُس پر عَمل کرو، اُن کی راہوں پر چلو اَور اُن کے قوانین اَور اَحکام، آئین اَور طریقے کو بجا لاؤ، جَیسا کہ مَوشہ کے آئین میں لِکھّا ہے۔ اَیسا کرنے سے جو کُچھ تُم کرو اَور جہاں کہیں تُم جاؤ، وہاں تُمہیں پُوری کامیابی حاصل ہوگی۔ (1 سلاطین 2:3)
میری دعا ہے کہ یَاہوِہ تُمہیں شعور و فہم عطا کریں جَب وہ تُمہیں بنی اِسرائیل پر حُکمرانی بخشیں تاکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے آئین کے پابند رہو۔ تَب تُم اِقبالمند ہوگے بشرطیکہ تُم اُن قوانین اَور آئین پرجو یَاہوِہ نے مَوشہ کو اِسرائیل کے لیٔے دئیے احتیاط کے ساتھ عَمل کرو۔ چنانچہ مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو اَور خوف نہ کرو اَور ہِراساں نہ ہو۔ (1 تواریخ 22:12-13)
”پس اَب مَیں تمام اِسرائیل اَور یَاہوِہ کی جماعت کے رُوبرو اَور یَاہوِہ کی حُضُوری میں تُم سے یہ کہتا ہُوں کہ تُم محتاط ہوکر یَاہوِہ اَپنے خُدا کے سَب اَحکام پر عَمل کرو تاکہ تُم اِس اَچھّے مُلک کے وارِث بنے رہو اَور بطور مِیراث ہمیشہ کے لیٔے اُسے اَپنی اَولاد کے لیٔے چھوڑ جاؤ۔ (1 تواریخ 28:8)
یَاہوِہ میں مسرُور رہ اَور وہ تمہاری دِلی مُرادیں پُوری کریں گے۔ (زبُور 37:4)
نغمۂ صعُود۔ عبادت کے لئے مُسافری نغمہ۔ مُبارک ہیں وہ جو یَاہوِہ سے ڈرتے ہیں، اَور اُن کی راہوں پر چلتے ہیں۔ تُم اَپنی محنت کا پھل کھاؤگے؛ اَور برکت اَور سعادت مندی تمہارے قدم چُومے گی۔ (زبُور 128:1-2)

فرمانبرداری اور برکت کی مثالیں

کیونکہ یَاہوِہ پر اُس کا ایمان بڑا پُختہ تھا۔ وہ ہمیشہ یَاہوِہ کی پیروی کرتا رہا اَور اُن اَحکام پر عَمل کرتا رہا جنہیں یَاہوِہ نے مَوشہ کو عطا فرمایا تھا۔ اِس لئے یَاہوِہ اُس کے ساتھ تھے اَور جہاں بھی وہ گیا وہاں اُسے اُس کے کام میں اِقبالمندی حاصل ہوئی۔ اُس نے شاہِ اشُور کے خِلاف بغاوت کر دی اَور اُسے خراج دینے سے منع کر دیا۔ (2 سلاطین 18:6-7)
آساؔ نے یہُوداہؔ کو حُکم دیا تھا، ”آؤ ہم یہ شہر تعمیر کریں اَور اُنہیں فصیلوں، بُرجوں، سلاخوں اَور پھاٹکوں سے مُستحکم کریں۔ یہ مُلک اَب بھی ہمارا ہے کیونکہ ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے طالب ہُوئے ہیں۔ ہم اُن کے طالب ہُوئے اَور یَاہوِہ نے ہمیں چاروں طرف سے سلامتی بخشی ہے۔“ چنانچہ وہ شہر تعمیر کرتے گئے اَور کامیابی حاصل کرتے گئے۔ (2 تواریخ 14:7)
اَور زکریاؔہ کے دِنوں میں وہ یَاہوِہ کا طالب ہُوا جِس نے اُسے خُدا ترسی کی تعلیم دی۔ اَور جَب تک وہ یَاہوِہ کا طالب رہا خُدا نے اُسے کامیابی بخشی۔ (2 تواریخ 26:5)
اَورجو کچھ یَاہوِہ اُن کے خُدا یَاہوِہ کی نظر میں اَچھّا، دُرست اَور راست تھا وُہی حِزقیاہؔ نے یہُوداہؔ کے ہر حِصّہ میں کیا۔ اَور خُدا کے بیت المُقدّس کی خدمت اَور آئین اَور اَحکام کی تعمیل کرتے ہُوئے جو کام بھی اُس نے شروع کیا اُس میں وہ خُدا کا طلب گار ہُوا اَور اُسے پُورے دِل سے کیا اَور کامیاب ہُوا۔ (2 تواریخ 31:20-21)
تَب تُم اَپنے چاندی چڑھے ہُوئے بُتوں اَور سونا چڑھی ہُوئی مورتوں کو ناپاک کروگے۔ تُم اُنہیں حیض کے کپڑوں کی طرح پھینک دوگے اَور کہو گے: ”دُورہو جاؤ!“ تُم زمین میں جو بیج بوؤگے اُس کے لیٔے وہ بارش بھیجے گا اَور زمین سے عُمدہ اَور کثرت سے اناج اُگے گا۔ اُس وقت تمہارے مویشی وسیع چراگاہوں میں چریں گے (یَشعیاہ 30:22-23)

نافرمانی/خداوند کی تلاش نہ کرنے کی لعنت

اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت نہ کروگے اَور اُن کے سَب اَحکام اَور قوانین پرجو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں نہایت احتیاط سے عَمل نہ کروگے، تو تُم پر یہ سَب لعنتیں نازل ہوں گی اَور تمہارا یہ حال ہوگا: تُم شہر میں اَور کھیت میں کام کرتے وقت بھی لعنتی ہوگے۔ تمہارا ٹوکرا اَور تمہاری کٹھوتی دونوں لعنتی ہوں گے۔ تمہاری اَولاد لعنتی ہوگی اَور تمہاری زمین کی پیداوار اَور تمہارے گائے، بَیل کے بچھڑے اَور تمہاری بھیڑ بکریوں کے برّے لعنتی ہوں گے۔ تمہاری زمین کی پیداوار اَور تمہاری محنت و مشقّت کی کمائی ایک اَیسی قوم کھائے گی جِس سے تُم واقف نہیں ہو اَور عمر بھر شدید ظُلم ہی تمہارے پَلّے پڑےگا۔ (اِستِثنا 28:15-18, 33)
یہ سَب لعنتیں تُم پر نازل ہوں گی۔ وہ تمہارا تعاقب کریں گی اَور تُمہیں دبوچ لیں گی تاکہ تُم فنا ہو جاؤ، کیونکہ تُم نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی اِطاعت نہ کی اَور اُن اَحکام اَور قوانین پر عَمل نہ کیا جو اُنہُوں نے تُمہیں دئیے تھے۔ یہ لعنتیں تمہارے اَور تمہاری نَسل کے لیٔے ہمیشہ تک نِشان اَور معجزہ بَن کر رہیں گے۔ کیونکہ تُم نے خُوشحالی کے ایّام میں یَاہوِہ اَپنے خُدا کی خُوشی اَور شادمانی کے ساتھ خدمت نہ کی، اِس لیٔے تُم بھُوکے اَور پیاسے اَور عُریانی اَور غربت کی حالت میں، اَپنے دُشمنوں کی خدمت کروگے جنہیں یَاہوِہ تمہارے خِلاف بھیجیں گے اَور وہ تمہاری گردن پر لوہے کا جُوا رکھّے رہیں گے، جَب تک تُمہیں نِیست و نابود نہ کر دیں۔ جَیسے یَاہوِہ تُمہیں خُوشحال کرکے اَور تمہاری تعداد میں اِضافہ کرکے خُوش ہویٔے تھے وَیسے ہی اَب تُمہیں تباہ و برباد کرکے اُنہیں خُوشی ہوگی۔ تُم اُس مُلک سے بے دخل کر دئیے جاؤگے جِس پر قبضہ کرنے کے لیٔے جا رہے ہو۔ (اِستِثنا 28:45-48, 63)
دیکھو، آج مَیں تمہارے سامنے زندگی اَور خُوشحالی، موت اَور تباہی رکھتا ہُوں۔ کیونکہ آج مَیں تُمہیں حُکم دیتا ہُوں کہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو اُن کی راہوں پر فرمانبرداری سے چلو اَور اُن کے اَحکام، قوانین اَور آئین پر عَمل کرو؛ تَب تُم زندہ رہوگے اَور شُمار میں بڑھوگے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا اُس مُلک میں تُمہیں برکت بخشیں گے جِس پر تُم قبضہ کرنے کو جا رہے ہو۔ لیکن اگر تمہارا دِل برگشتہ ہو جائے اَور تُم فرمانبردار نہ بنو، اَور بہک کر غَیر معبُودوں کے آگے سَجدہ اَور اُن کی عبادت کرنے لگو، تو میں آج کے دِن تمہارے سامنے یہ اعلان کئے دیتا ہُوں کہ تُم یقیناً فنا ہو جاؤگے اَور اُس مُلک میں جِس پر تُم قبضہ کرنے یردنؔ پار جا رہے ہو، وہاں تمہاری عمر دراز نہ ہوگی۔ (اِستِثنا 30:15-18)
جو کویٔی تیرے خُدا کے آئین کو اَور بادشاہ کے حُکم کو نہ مانے اُسے فوراً موت، جَلاوطنی، جائداد کی ضبطی یا قَید کی سزا دی جائے۔ (عزرا 7:26)

نافرمانی اور لعنت کی مثال

کیونکہ اُنہُوں نے یَاہوِہ کو ترک کیا اَور بَعل اَور عستوریتؔ کی خدمت کرنے لگے۔ یَاہوِہ کا قہر اِسرائیل پر بھڑک اُٹھا اَور اُنہُوں نے اُنہیں لُٹیروں کے حوالہ کر دیا جنہوں نے اُنہیں لُوٹنا شروع کیا اَور خُدا نے اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے ہاتھ بیچا جو اُن کے اِردگرد تھے اَور جِن کا وہ مُقابلہ تک نہیں کر سکتے تھے۔ (قُضاۃ 2:13-14)
اَور یہُورامؔ کو ایلیّاہ نبی کی جانِب سے ایک خط مِلا جِس میں یہ پیشن گوئی کی گئی تھی: ”تمہارے آباؤاَجداد داویؔد کے خُدا یَاہوِہ کا یہ پیغام ہے: ’کیونکہ تُم نہ تو اَپنے باپ یہوشافاطؔ کی راہوں اَور نہ اَپنے دادا شاہِ یہُودیؔہ آساؔ کی راہوں پر چلے، بَلکہ تُم اِسرائیل کے بادشاہوں کی راہوں پر چلے ہو، اَور تُم نے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں کو زناکاری پر مائل کیا جَیسے احابؔ کے گھرانے نے کیا تھا۔ اَور تُم نے خُود اَپنے ہی بھائیوں کو یعنی اَپنے ہی باپ کے گھرانے کے لوگوں کو قتل کیا جو کہ تُم سے کہیں بہتر تھے۔ اِس لیٔے یَاہوِہ اَب آپ کے لوگوں، تمہارے بیٹوں، تمہاری بیویوں اَور ہر ایک چیز کو جو تمہاری ہے بڑی وَباؤں کا نِشانہ بنا دیں گے۔ تَب یَاہوِہ نے فلسطینیوں اَور عربوں کو جو کُوشیوں کی سرحد کے پاس مُقیم تھے، یہُورامؔ کے خِلاف جنگ کے لئے اُکسایا۔ اُنہُوں نے یہُودیؔہ پر حملہ کیا اَور اُس کے اَندر گھُس آئے اَور سارے مال کو جو بادشاہ کے شاہی محل میں تھا اَور اُس کے بیٹوں اَور بیویوں کو بھی لے گیٔے۔ اَور اُس کے سَب سے چُھوٹے بیٹے یہُوآحازؔ یا احزیاہؔ کے سِوا اُس کے پاس کویٔی بیٹا باقی نہ رہا۔ (2 تواریخ 21:12-14, 16, 17)
تَب خُدا کی رُوح یہویادعؔ کاہِنؔ کے بیٹے زکریاؔہ پر نازل ہُوئی اَور وہ لوگوں کے سامنے کھڑا ہوکر کہنے لگا، ”خُدا یُوں فرماتے ہیں، ’تُم یَاہوِہ کے حُکموں کی خِلاف ورزی کیوں کرتے ہو؟ اَیسا کرنے سے تمہاری ہرگز ترقّی نہ ہوگی۔ چونکہ تُم نے یَاہوِہ کو ترک کر دیا ہے اِس لیٔے اُنہُوں نے بھی تُمہیں ترک کر دیا ہے۔‘ “ (2 تواریخ 24:20)
جو کچھ بھی ہم پر گزری ہے اُس سَب میں آپ صادق رہے کیونکہ آپ صداقت سے پیش آئے مگر ہم نے بدی کی۔ ہمارے بادشاہوں، ہمارے سرداروں، ہمارے کاہِنوں اَور ہمارے آباؤاَجداد نے آپ کی تورہ کی پیروی نہ کی۔ اُنہُوں نے آپ کے اَحکام اَور آپ کی رسموں کی کویٔی پروا نہ کی۔ اُس وقت بھی جَب وہ اَپنی مملکت کی وسیع اَور زرخیز زمین میں جو آپ نے اُنہیں عطا کی تھیں آپ کے بڑے اِحسَان سے لُطف اَندوز ہو رہے تھے اُنہُوں نے آپ کی عبادت نہ کی اَور اَپنی بُری روِشوں سے باز نہ آئے۔ ”لیکن دیکھو آج ہم غُلام ہیں۔ اُسی مُلک میں غُلام ہیں جو آپ نے ہمارے آباؤاَجداد کو دیا تھا تاکہ وہ اُس کے پھل اَور دُوسری اَچھّی چیزیں جو وہاں پیدا ہوتی ہیں کھا سکیں۔ (نحمیاہ 9:33-36)
چرواہے نادان ہیں وہ یَاہوِہ سے رہنمائی نہیں مانگتے؛ اِس لیٔے وہ کامیاب نہیں ہوتے اَور اُن کی سَب بھیڑیں پراگندہ ہو گئیں۔ (یرمیاہؔ 10:21)
تُونے میرے دئیے ہُوئے نفیس زیورات سے، جو میرے سونے اَور چاندی سے بنے تھے، اَپنے لیٔے مردانہ بُت بنائے اَور اُن کے ساتھ بدفعلی کی اَور تُونے اَپنے سُنہری بیل بُوٹوں والے کپڑے لے کر اُن پر چڑھا دئیے اَور میرا عطر اَور بخُور اُنہیں پیش کیا۔ اِسی طرح جو کھانا مَیں نے تیرے لیٔے مہیا کیا تھا، یعنی مَیدہ، زَیتُون کا تیل اَور شہد جو تُجھے کھانے کے لیٔے دیا تھا۔ وہ تُونے اُنہیں خُوشبودار بخُور کے طور پر پیش کیا۔ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں کہ یہ ہی تو ہُوا۔ پھر مَیں تُجھے تیرے عاشقوں کے حوالہ کروں گا اَور وہ تیرے گُنبَدوں کو ڈھا دیں گے اَور تیرے اُونچے مقامات کو مِسمار کر دیں گے اَور تیرے کپڑے اُتار دیں گے اَور تیرے خُوبصورت گہنے چھین لیں گے اَور تُجھے عُریاں اَور بے نقاب کر دیں گے۔ (حزقی ایل 16:17-19, 39)
”کیا تمہارے لیٔے خُود پکّی چھت گھروں میں رہنے کا یہ وقت ہے، جَب کہ بیت المُقدّس ویران پڑا ہے؟“ اَب قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”تُم اَپنی روِش پر غور کرو۔ تُم نے بہت سا بویا پر تھوڑا کاٹا۔ تُم کھاتے ہو پر آسُودہ نہیں ہوتے۔ تُم پیتے ہو پر پیاس نہیں بُجھتی۔ تُم کپڑے پہنتے ہو پر گرم نہیں ہوتے۔ تُم اَپنی کمائی ہُوئی مزدُوری سوراخ دار تھیلی میں رکھتے ہو۔“ قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں: ”اَپنی روِش پر غور کرو۔ پہاڑوں پر جاؤ اَور لکڑی لاکر میرا بیت المُقدّس تعمیر کرو تاکہ اُسے دیکھ کر مُجھے خُوشی مِلے اَور میری تمجید ہو۔“ یَاہوِہ کا یہی فرمان ہے۔ تُم نے بہت فصل پانے کی اُمّید رکھی لیکن تھوڑا ہی مِلا اَور جَب تُم اُسے لے کر اَپنے گھر لایٔے تو مَیں نے اُسے اُڑا دیا۔ کیوں؟ کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، کیونکہ میرا بیت المُقدّس ویران ہے اَور تُم میں سے ہر ایک اَپنے اَپنے گھر میں مصروف ہے۔ اِس لیٔے تمہاری وجہ سے آسمان سے شبنم نہیں گرتی اَور زمین اَپنی پُوری فصل نہیں دیتی۔ اِس لئے مَیں نے حُکم دیا ہے کہ کھیتوں اَور پہاڑوں پر، اناج، نئی انگور کی مَے، زَیتُون تیل اَور زمین کی ساری پیداوار پر اَور اِنسانوں اَور حَیوانوں پر اَور تمہارے ہاتھ کی تمام محنت پر خشک سالی کو طلب کیا۔ (حگّیؔ 1:4-11)
پس اَب آج سے آئندہ کو اِس کا خیال رکھو کہ پہلے یہ چیزیں کیسی تھیں، جَب یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں ایک پتّھر پر دُوسرا پتّھر نہیں رکھا گیا تھا۔ اُس وقت جَب کویٔی بیس پیمانوں کی اُمّید رکھتا تھا تو اُسے صرف دس ہی ملتے تھے اَور جَب کویٔی انگوری حوض سے پچاس پیمانے مَے نکالنے جاتا تھا تو اُسے بیس ہی ملتے تھے۔ مَیں نے تمہارے کھیتی کے سَب کاموں میں اَمراض، پھپھُوندی، اولے سے مارا پھر بھی تُم میری طرف رُجُوع نہ ہُوئے۔ یَاہوِہ کا یہی اعلان ہے۔ (حگّیؔ 2:15-17)

خداوند پر بھروسا رکھیں، اپنے آپ یا اپنے مال پر نہیں

خداوند پر بھروسا رکھنے والوں کے لیے برکتیں/خوشحالی

یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو یَاہوِہ کا خوف مانتا ہے، اَور جسے اُن کے اَحکام بہت عزیز ہیں۔ اُس کا گھر مال و دولت سے بھرا رہتاہے، اَور اُس کی راستبازی ہمیشہ قائِم رہتی ہے۔ (زبُور 112:1, 3)
فروتنی اَور یَاہوِہ کے خوف سے؛ دولت، عزّت اَور زندگی حاصل ہوتی ہے۔ (امثال 22:4)
لالچی اِنسان جھگڑا پیدا کرتا ہے، لیکن جو یَاہوِہ پر توکّل رکھتا ہے وہ خُوشحال ہوگا۔ (امثال 28:25)

اپنے آپ یا اپنے مال پر بھروسے کے نتائج

جو اَپنے مال و زَر پر بھروسا کرتا ہے وہ گِر پڑےگا، لیکن صادق ہرے پتّوں کی مانند سرسبز رہیں گے۔ (امثال 11:28)
یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”ملعُون ہے وہ شخص جو اِنسان پر بھروسا رکھتا ہے، اَور اَپنی قُوّت کے لیٔے بشر پر تکیہ کرتا ہے اَور جِس کا دِل یَاہوِہ سے برگشتہ ہو جاتا ہے۔ وہ اِنسان بنجر علاقہ کی جھاڑی کی مانند ہوگا؛ اَور وہ خُوشحالی کے آنے پر اُسے دیکھ نہ پایٔےگا۔ وہ بیابان کے خشک علاقوں میں، اَور غَیر آباد نمکینی زمین میں رہے گا۔ (یرمیاہؔ 17:5-6)
چونکہ تُم اَپنے اعمال اَور اَپنی دولت پر توکّل رکھتے ہو، اِس لیٔے تُم بھی اسیر ہو جاؤگے۔ اَور کموشؔ معبُود بھی، اَپنے کاہِنوں اَور حاکموں کے ساتھ جَلاوطن ہوگا۔ (یرمیاہؔ 48:7)
تُم اَپنی وادیوں پر، خصوصاً اَپنی پھلدار وادیوں پر، اِس قدر کیوں فخر کرتی ہو؟ اَے بےوفا عمُّون کی بیٹی، تُم اَپنی دولت پر توکّل کرتی اَور کہتی ہو، ’مُجھ پر کون حملہ کر سکےگا؟‘ مَیں تمہارے چاروں طرف کے سَب باشِندوں کی طرف سے، تُم پر خوف طاری کروں گا،“ یہ خُداوؔند، قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ ”تُم سَب ہانکے جاؤگے، اَور پناہ گیروں کو کویٔی جمع نہ کر پایٔےگا۔ (یرمیاہؔ 49:4-5)

اپنی مختاری کا حساب دینا ہوگا

”آسمان کی بادشاہی اُس آدمی کی طرح بھی ہے، جو سفر پر روانہ ہونے کو تھا، اَور جاتے وقت اَپنے خادِموں کو بُلاکر اَپنا مال اُن کے حوالے کر دیا۔“ ”کافی عرصہ کے بعد اُن کا مالک واپس آیا اَور خادِموں سے حِساب لینے لگا۔ (متّی 25:14, 19)
اِس لیٔے مالک نے اُسے اَندر بُلایا اَور کہا، ’یہ کیا بات ہے جو مَیں تمہارے بارے میں سُن رہا ہُوں؟ سارا حِساب کِتاب مُجھے دے، کیونکہ اَب سے تو میرا مُنشی نہیں رہے گا۔‘ (لُوقا 16:2)
لیکن خواہ ہم اَپنے گھر میں ہوں خواہ اُس سے دُور، ہمارا مقصد تو خُداوؔند کو خُوش رکھناہے۔ کیونکہ ہم سَب کو المسیح کی عدالت میں پیش ہوناہے، تاکہ ہر شخص اَپنے اَچھّے یا بُرے اعمال کا جو اُس نے اَپنے بَدن سے دُنیا میں کیٔے ہیں، بدلہ پایٔے۔ (2 کُرِنتھِیوں 5:9-10)
تَب مَیں نے ایک بڑا سفید تختِ الٰہی دیکھا اَور اُسے جو اُس پر تخت نشین تھا۔ زمین اَور آسمان اُس کی حُضُوری سے بھاگ کر غائب ہو گیٔے اَور اُنہیں کہیں ٹھکانا نہ مِلا۔ اَور مَیں نے چُھوٹے بڑے تمام مُردوں کو تختِ الٰہی کے سامنے کھڑے دیکھا۔ تَب کِتابیں کھولی گئیں، پھر ایک اَور کِتاب کھولی گئی یعنی کِتاب حیات؛ اَور جِس طرح اُن کِتابوں میں درج تھا، تمام مُردوں کا اِنصاف اُن کے اعمال کے مُطابق کیا گیا۔ (مُکاشفہ 20:11-12)